وزیر اعظم شہباز شریف سے ابو ظہبی کے ولی عہد اور ابو ظہبی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان نے پرائم منسٹر ہاؤس میں ملاقات کی۔۔۔
وزیراعظم نے پاکستان اور دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
دو طرفہ ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیر اعظم نے اس ماہ کے شروع میں ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے ساتھ اپنی انتہائی نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کیا۔۔۔ انہوں نے کہا یہ امر باعث اطمینان ہے کہ دونوں ممالک اپنے بہترین سیاسی تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔۔۔میرے حالیہ دورہ ازبکستان کے دوران ازبکستان – افغانستان -پاکستان ریلوے لائین منصوبے پر بات چیت ہوئی۔۔۔ ازبکستان نے بھی اس منصوبے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔۔اس منصوبے کی بدولت گوادر اور ابوظہبی پورٹس کو فائدہ ہو گا اور یہ منصوبہ اس خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔۔
وزیراعظم نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا اور مختلف شعبوں میں پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل اور مضبوط حمایت کو سراہا۔۔۔
وزیر اعظم نے پاکستان میں اپنے سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو وسعت دینے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی گہری دلچسپی کی تعریف کی اور کہا مختلف پاکستانی اداروں اور ابوظہبی پورٹس کے درمیان حالیہ کامیاب سرمایہ کاری کے اقدامات اس مضبوط اور مسلسل بڑھتے ہوئے تعاون کی روشن مثال ہیں۔۔
شیخ خالد بن محمد نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان متعدد مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں کے تبادلوں کا مشاہدہ بھی کیا۔۔۔دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ، کان کنی، ریلویز اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں
