راولپنڈی : مادر وطن کے دفاع کی خاطر پاک فوج کے جوان اپنے خون کی قر بانی دیتے چلے آرہے ہیں نائیک رانا محمد شہباز نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے9 نومبر 2024 کو شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔
نائیک رانا محمد شہباز شہید کے والد نے اپنے جذبات کا اظہارکرتے ہوئےکہا میرا بیٹا بےحد شریف انسان تھا محبت کرنے والا تھا، ہر ایک سے محبت کرتا تھا۔ بچپن سے ہی وہ بہت اچھا اور ملنسار بچہ تھا۔ وہ مجھے اکثر کہتا تھا کہ ابو میرے لیے دعا کریں کہ اللہ مجھے شہادت نصیب کرے۔
انہوں نے کہا کہ اس کی شہادت اس ملک و قوم کے لیے تھی اس لیے میں اپنے تمام غم بھلا کر اس کی شہادت پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ اس نے اپنے ملک و قوم کے لیے اپنی جان دی ہے اور اس نے میرا سر فخر سے بلند کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے چار بیٹے ہیں، اور اگر ملک و قوم کو میرے بیٹوں کی ضرورت پڑی تو میں انہیں پاکستان آرمی میں بھیجنے کے لیے تیار ہوں۔ ہم پاکستان آرمی کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے، جہاں بھی ہماری ضرورت پڑی، ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
