بنوں کینٹ حملہ:پاک فوج کے 5جوان،13 معصوم شہری شہید،تمام 16خوارجی دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ حملے میں تمام 16 خوارجی دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔۔۔ حملے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوئے جبکہ 13 معصوم شہری بھی حملے میں درجہ شہادت پر فائز ہوئے۔۔۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے حملہ آوروں کی بنوں چھاؤنی میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تمام 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جھڑپ میں 5 جری جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، مایوس دہشت گردوں نے بارود سے بھری دو گاڑیاں چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرائیں، خودکش دھماکوں کے نتیجے میں چھاؤنی کی دیوار کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے میں 13 معصوم شہری شہید اور 32 زخمی ہوگئے جبکہ ایک مسجد اور عمارت شدید متاثر ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بہادر جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت سے حملہ آوروں کا مؤثر مقابلہ کیا، ہلاک دہشت گردوں میں 4 خودکش حملہ آور بھی شامل تھے، حملے کی منصوبہ بندی اور قیادت افغانستان میں موجود خوارج سرغنوں نے کی، خفیہ اطلاعات سے واضح طور پر ثابت ہوا ہے کہ اس حملے میں افغان شہری ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے مطالبہ کیا ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے، پاکستان اپنی سرحدوں کے پار سے آنے والے ان خطرات کے خلاف ضروری اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے پر عزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے