گوجرانوالہ : ایف آئی اے نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث اہم ملزم کو گوجرانوالہ سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور مزید تحقیقات کے لیے ملزم کو تھانہ ایف آئی اے گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزم کا نام وزارت داخلہ کی ریڈ بک میں شامل تھا اور وہ درجنوں مقدمات میں ایف آئی اے کو مطلوب تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے یورپ بھجوانے کے لیے ایک شہری سے 24 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔
یاد رہے کہ لیبیا سے اٹلی جاتے وقت غیرقانونی تارکین وطن کی تین کشتیوں کو دسمبر 2024 میں حادثہ پیش آ گیا تھا جس میں متعدد پاکستانی ہلاک ہوئے تھے اور ان میں زیادہ تر تعداد نوعمر لڑکوں کی تھی۔
یونان میں موجود سفارتخانے کے حکام کے مطابق 47 پاکستانی شہریوں کو ریسکیو کر لیا گیا تھا جبکہ فوری طور پر پانچ پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی۔
ایف آئی اے گوجرانوالہ کے ترجمان کے مطابق ملزم کا بھجوایا گیا شہری زندہ بچنے میں کامیاب ہوا تھا اور واپس پاکستان پہنچا تھا جہاں پہنچ کر متاثرہ شہری نے بھی ملزم کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔
