اوسی
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب، شبلی فراز، جنید اکبر خان کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس واقعہ پر حکومت اپنی ناکامی چھپانے کیلئے پی ٹی آئی سوشل میڈیا کو ذمہ دار قرار دے رہی ہے۔۔۔۔ بند گلی میں ہم نہیں بلکہ حکومت اور ادارے ہیں۔ عوام کا حکومت پر اعتماد ختم ہوچکا ہے انہیں چاہیئے کہ اپوزیشن جماعتوں کو آن بورڈ لیں۔ وزیر دفاع کو استعفیٰ دے دینا چاہیئے۔ عید کے بعد ہم احتجاج میں جائیں گے ۔۔۔
اڈیالہ جیل کے باہر شبلی فراز، علامہ راجہ ناصر عباس، جنید اکبر خان و دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ کل پارلیمینٹ میں کہا بلوچستان پر بحث کریں، فارم 47 کی رجیم سنجیدہ نہیں یہ ہنسی مذاق میں لگے ہوئے تھے، حکومت نے کل مکمل نیوز بلیک آوٹ کیا تھا، ہم ایک سال سے کہہ رہے ہیں بلوچستان میں حالات ٹھیک نہیں ہیں سنجیدگی دکھائی جائے۔۔
شبلی فراز کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کوئی بھی حکومت ہو اسکے پیچھے عوام کا ہونا ضروری ہوتا ہے یہ عوامی نمائندے نہیں ہیں، وزیر دفاع کو استعفی دے دینا چاہیئے، ملک کو درپیش مسائل سے نکلنے کا واحد حل بانی پی ٹی آئی ہے، ہماری پوری پارٹی نے جعفر ایکسپریس واقعہ کی مذمت کی ہے، بانی نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی ہے،حکومت نے اپنی ناکامی چھپانے کیلئے پی ٹی آئی سوشل میڈیا کو ذمہ دار قرار دیا،پاکستان کو درپیش مسائل کو سیاسی طور پر حل کرنا چاہیئے۔۔
میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر خان کا کہنا تھا کہ ہم متحد نہ ہوئے تو عوام اور اداروں کے درمیان فاصلے بڑھیں گے،ان کو ٹویٹر سے تکلیف ہوتی ہے لیکن ہمارے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ انھیں نظر نہیں آتا ؟ قیادت فیصلہ کرے اڈیالہ کے باہر ہم نے عید سے قبل یا بعد میں کب کیمپ لگانا ہے، عید کے بعد ہم احتجاج میں جائیں گے، میں رابطوں کا حصہ نہیں ہوں نہ کسی نے مجھ سے رابطہ کیا، ہم بند گلی میں نہیں بلکہ حکومت اور ادارے ہیں،ہم نے تو ہر فورم پر بات کرنے کی کوشش کی اور ذمہ داری دکھائی ۔۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال خراب ہے، جعفر ایکسپریس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں اور شہداء کی مغفرت کی دعا کرتے ہیں، آج سیکورٹی کے ادارے بے بس نظر آ رہے ہیں، حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کو آن بورڈ لینا چاہیئے،وزیر دفاع کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونا چاہیئے، دشمن کے بیانیہ کو کاؤنٹر کرنا ہے تو عوام کو حقائق بتائیں۔ آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے آئے تھے لیکن ملاقات نہیں کرائی جا رہی،پاکستان کے تمام سیاسی لیڈرز جو جیلوں میں ہیں ان کو رہا کیا جائے، عوام کا حکومت پر اعتماد ختم ہوچکا ہے، عوام کی امید اب صرف بانی پی ٹی آئی ہیں، سیاست دانوں کو الزامات کے بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ملک کو آئین کے مطابق چلانے کی ضرورت ہے۔
