سیاسی و عسکری قیادت کادہشتگردوں اور خوارج سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ

سیاسی و عسکری قیادت نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دہشتگردوں اور خوارج کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے کا فیصلہ کرلیا۔ اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ دشمن قوتوں کے ساتھ ملی بھگت میں شامل کسی بھی ادارے، فرد یا گروہ کو پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت ہرگزنہیں دی جائے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس،،، وزیر اعظم محمد شہباز شریف ،آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چاروں وزراء اعلی ٰ سمیت اعلی ٰ سیاسی و عسکری قیادت کی شرکت،،، دہشتگردوں اور خوارج کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے کا فیصلہ ،،،، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی سلامتی سے متعلق اہم اجلاس کا بائیکاٹ

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے پوری ریاستی طاقت کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔کمیٹی نے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس ، لاجسٹک سپورٹ اوردہشت گردی و جرائم کے گٹھ جوڑ کوختم کرنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان اور عزم استحکام کی حکمت عملی پر فوری عملدرآمد پر بھی زور دیا۔کمیٹی نے دہشت گردوں کے ڈیجیٹل نیٹ ورکس کے سدباب کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔ شرکاء نے سیکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعا دہ کیاکہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج، پولیس، ایف سی ور انٹیلی جنس ا داروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ کمیٹی نے اس بات کا بھی اعادہ کیاکہ دشمن قوتوں کے ساتھ ملی بھگت میں شامل کسی بھی ادارے، فرد یا گروہ کو پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہرگزاجازت نہیں دی جائےگی۔

کمیٹی نے حزب اختلاف کے بعض اراکین کی اجلاس میں عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس حوالے سے مشاورت کا عمل جاری رہےگا۔ کمیٹی نے دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا،اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نے اعلامیہ لفظ بہ لفظ پڑھ کر سنایا جو شرکاء نے قرارداد کی صورت میں متفقہ طور پر منظور کرلیا۔کمیٹی اجلاس کے اختتام پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دعا کروائی۔۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے