لندن: بجلی کی بندش کے باعث ہیتھرو ایئرپورٹ 24 گھنٹے کے لیے بند

0

برطانیہ کا مصروف ترین ہیتھرو ایئرپورٹ جمعہ کی صبح سب اسٹیشن میں آگ لگنے کے باعث 24 گھنٹے کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق آگ کی وجہ سے بجلی کی بڑے پیمانے پر بندش ہوئی، جس کے پیش نظر مسافروں اور عملے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔

لندن فائر بریگیڈ کے مطابق آگ ہیز کے سب اسٹیشن میں لگی، جس کے نتیجے میں نہ صرف ایئرپورٹ بلکہ 16 ہزار سے زائد گھروں اور کاروباروں کو بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

فائر بریگیڈ کے اسسٹنٹ کمشنر پیٹ گولبورن نے کہا کہ "یہ ایک بڑا واقعہ ہے، اور فائر فائٹرز مشکل حالات میں کام کر رہے ہیں تاکہ جلد از جلد آگ پر قابو پایا جا سکے۔”

پروازوں کا رخ دیگر شہروں کی جانب موڑ دیا گیا

فلائٹ ریڈار کے مطابق، کئی پروازوں کو دوسرے شہروں کی طرف بھیج دیا گیا۔

  • قنطاس ایئرلائن کی پرواز، جو آسٹریلیا کے شہر پرتھ سے آ رہی تھی، اسے پیرس منتقل کر دیا گیا۔
  • یونائیٹڈ ایئرلائنز کی نیویارک سے آنے والی پرواز کو آئرلینڈ کے شہر شینن میں لینڈ کرنے کی ہدایت دی گئی۔

ہیتھرو ایئرپورٹ مسافروں کے لیے اہم ہدایات

ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو ایئرپورٹ نہ آنے اور اپنی ایئرلائن سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔

سالانہ 80 ملین سے زائد مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کرنے والے ہیتھرو ایئرپورٹ پر روزانہ 1300 سے زیادہ پروازیں لینڈ اور ٹیک آف کرتی ہیں، اور اس غیر معمولی واقعے کے باعث سینکڑوں پروازیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.