وزیر اعظم شہباز شریف کا بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر سے رابطہ ، عید کی مبارکباد، دو طرفہ تعلقات میں بہتری پر اظہار اطمینان

0

لاہور : وزیر اعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انہیں عید کی مبارکباد دی جب کہ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سیاحت میں مثبت رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شہباز شریف نے عید کے موقع پر بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور انہیں عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے ڈاکٹر محمد یونس سے گزشتہ سال اقوام متحدہ جنرل اسمبلی (یو این جی اے) اور ڈی-8 سربراہی اجلاس کے دوران نیویارک اور قاہرہ میں ہونے والی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سیاحت میں مثبت رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔

اس موقع وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ اپریل میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کے دورہ ڈھاکہ کے حوالے سے پر امید ہیں اور ایک تجارتی وفد بھی ان کے ہمراہ بنگلہ دیش جائے گا۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران شہباز شریف نے تمام سطحوں پر دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے لیے ادارہ جاتی نظام کو بحال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

رہنماؤں نے دونوں ممالک کے مابین عوامی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے ثقافتی وفود کے تبادلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے بنگلہ دیش سے ایک ثقافتی وفد کو پاکستان کے دورے پر بھیجنے کی تجویز دی جس میں پرانے اور نئے فنکار بالخصوص لیجنڈ اداکارہ رونا لیلیٰ بھی شامل ہوں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.