سیالکوٹ : وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کا لیڈرعمران خان بین الاقوامی چور ہے۔ انہوں نے ایک دوسرے کو چور چور کہنا شروع کردیا ہے۔ ان کی پارٹی میں اتنے لوگ نہیں جتنے ٹکڑے ہوچکے ہیں۔
جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اقتدار میں تھے تو سیکیورٹی میٹنگز میں نہیں بیٹھتے تھے، اب قیدی ہیں تو کہتے ہیں مجھے میٹنگز میں لے کر جاؤ، بانی پی ٹی آئی کو ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جن کے پلے کچھ نہ ہو ، ایسے لوگ پارٹی میں شامل ہیں جنہیں گھر والے بھی ووٹ نہ دیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت کم کی گئی، شہباز شریف نے نا ممکن کو ممکن کر دکھایا۔ آج سے سال، 2 سال پہلے یہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ملک میں بجلی سستی ہو سکتی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ معشیت کو بحال کرنا، بجلی کو سستا کرنا کوئی چھوٹا ریلیف نہیں ہے، 16، 17 فیصد کی کمی ہے، پنجاب کو دیکھ لیں، ہماری بیٹی دن رات صوبے کو چار چاند لگا رہی ہے، آپ اپنے شہر میں دیکھیں آپ کو کام ہوتے نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ عمران خان وزیراعظم تھے اور سیکیورٹی سے متعلق میں اجلاسوں میں شرکت نہیں کرتے تھے، جب ابھی نندھن کا جہاز گرایا گیا تو جنرل (ر) باجوہ نے کہا کہ میٹنگ کی صدارت کریں لیکن وہ نہیں آئے اور اب کہتے ہیں کہ مجھے میٹنگ میں بلاؤ، ورنہ میں پارٹی کو بھی شرکت نہیں کرنے دوں گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اب عمران خان قیدی نمبر 804 ہیں اور کہتے ہیں کہ مجھے میٹنگ میں بلاؤ، کیا اس سے بڑا کوئی تضاد ہوسکتا ہے۔