یمنی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے ایک اور امریکی MQ-9 ریپر ڈرون کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔ یہ امریکی جاسوس طیارہ یمن کے شمالی صوبے الجوف کی فضائی حدود میں خفیہ مشن پر تھا۔
یمنی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی سریع نے بدھ کے روز ایک بیان میں بتایا کہ امریکی جارحیت اور متعدد یمنی شہریوں کی شہادت کے جواب میں یہ کارروائی کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ گزشتہ 10 دنوں میں تباہ کیا جانے والا تیسرا امریکی ڈرون ہے۔
ترجمان کے مطابق، فلسطینی علاقے غزہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے تحت یمنی فوج کی جانب سے شروع کی جانے والی مہم "جہاد مقدس” اور "فتح موعود” کے آغاز سے لے کر اب تک 18 امریکی ڈرون مار گرائے جا چکے ہیں۔
یحیی سریع نے واضح کیا کہ یمن کی خودمختاری اور قومی سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا، اور جب تک غزہ پر اسرائیلی حملے بند نہیں ہوتے، یمنی فوج کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ادھر، بدھ کی صبح امریکی جنگی طیاروں نے مغربی یمن کے ساحلی صوبے الحدیدہ پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں 6 شہری شہید ہوگئے۔ یمنی وزارت صحت کے مطابق شہداء میں 3 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جب کہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
یمنی عوام اور حکومت نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری اقدامات کریں اور معصوم شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
