لاہور "ای سی او کیپٹل ٹورازم” کے طور پر نامزد پاکستان اور صوبہ پنجاب کیلئے بڑا عالمی اعزاز
پاکستان اور خاص طور پر صوبہ پنجاب کے لیے ایک بڑا عالمی اعزاز حاصل ہوا ہے، کیونکہ لاہور کو 2027 کے لیے "ای سی او کیپٹل ٹورازم” کے طور پر نامزد کر دیا گیا ہے۔ ای سی او (اکنامک کوآرڈینیشن آرگنائزیشن) کے 10 رکن ممالک میں سے لاہور کو یہ اعزاز ملنے کا اعلان 13 اپریل 2025 کو کیا جائے گا، جب ای سی او کا 25 رکنی وفد لاہور کا دورہ شروع کرے گا۔
ای سی او میں ترکیہ، ایران، افغانستان، پاکستان کے علاوہ آذربائیجان، قزاقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ یہ تنظیم ہر سال اپنے 10 رکن ممالک میں سے ایک شہر کو سیاحت کے شعبے میں اس منفرد اعزاز کے لیے منتخب کرتی ہے۔ اس سے قبل ازبکستان کے شہر سبز کو یہ اعزاز مل چکا ہے، اور ترکیہ کے مشرقی اناطولیہ کے شہر اَذرُوم کو 2025 کے لیے "ای سی او کیپٹل ٹورازم” نامزد کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی دعوت پر ای سی او کے سفیر لاہور پہنچیں گے، جہاں لاہور کو "ای سی او کیپٹل ٹورازم” کے طور پر باضابطہ طور پر نامزد کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔ لاہور کو یہ اعزاز اس کی بھرپور تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی ورثے کی بنا پر دیا گیا ہے۔
اس اعزاز کا مقصد ای سی او خطے کی تاریخی، ثقافتی، اور سیاحتی اہمیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ ای سی او کی یہ پہل 2019 میں شروع ہوئی تھی، جس کا مقصد ان ممالک کے خوبصورت اور اہم مقامات کو دنیا بھر میں متعارف کروانا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی میزبانی میں ای سی او کی مستقل مندوبین کونسل کا اجلاس سول سیکریٹریٹ لاہور میں منعقد ہوگا۔ وفد میلہ چراغاں، والڈ سٹی اور دیگر تاریخی مقامات کے ساتھ ساتھ سیف سٹیز اتھارٹی کا بھی دورہ کرے گا۔ گورنر ہاؤس میں وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جائے گا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور کو "ای سی او کیپٹل ٹورازم” کا اعزاز ملنا پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور قومی ورثے کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نامزدگی لاہور کے تاریخی اور ثقافتی رنگوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک بہترین موقع ہے، جو کہ عالمی سیاحت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔