15سال کے طویل تعطل کے بعد پاک بنگلہ دیش سفارتی مذاکرات دوبارہ شروع ہو گئے

0

پاکستان کی سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ کا دورہ بنگلہ دیش۔ دونوں ملکوں کے درمیان 15 سال کے تعطل کے بعد سفارتی مذاکرات ڈھاکہ میں شروع ہو گئے۔

آمنہ بلوچ نے اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب جاشم الدین سے وفود کی سطح پر ملاقات کی۔

دونوں ممالک کے درمیان خارجہ سیکریٹری سطح کے مشاورتی مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے، اس دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات، علاقائی صورتحال اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی جب کہ دونوں فریقین نے تعاون کے نئے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ برآمدات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے، اگر ان مصنوعات کی قیمتیں متوازن ہوں جن میں کپاس، چینی، چاول اورگندم شامل ہے۔

بعد ازاں، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائز محمد یونس سے ملاقات کی جس میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع، نوجوانوں کے روابط، علاقائی انضمام، اور سارک کی بحالی پر گفتگو کی گئی۔

ڈاکٹر یونس نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے اپنا وژن بھی پیش کیا جب کہ آمنہ بلوچ نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی قیادت کی جانب سے نیک تمنائیں بھی پہنچائیں۔

آمنہ بلوچ نے امور خارجہ کے مشیر توحید حسین سے بھی ملاقات کی، جس میں علاقائی امور، خصوصاً سارک کی بحالی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و معیشت پر گفتگو کی گئی، آمنہ بلوچ کی تھنک ٹینکس سے بھی ملاقات ہوگی۔

علاوہ ازیں، رواں ماہ کے آخر میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار بھی سرکاری دورے پر ڈھاکا جائیں گے۔

خارجہ سیکریٹری سطح کے مشاورتی مذاکرات (ایف ایس ایل سی) کا ساتواں دور 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.