محسن نقوی اور سعودی سفیر کی اہم ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے استحکام پر اتفاق
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات ڈپلومیٹک انکلیو میں سعودی سفارتخانے میں ہوئی، جہاں سفیر نے وزیر داخلہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ دوران ملاقات دونوں رہنماؤں نے معاشی، سماجی اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
محسن نقوی نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں سعودی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مملکت نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے خصوصاً انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات میں سعودی شراکت کو اہم قرار دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں غیر قانونی امیگریشن اور بھکاری مافیا کے خاتمے کے لیے جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں، جن میں پاسپورٹ کے اجرا کے نئے ضوابط بھی شامل ہیں۔
وزیر داخلہ نے سعودی حکومت کی جانب سے منشیات کیس میں بے گناہ گرفتار پاکستانی خاندان کی رہائی کے لیے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی تعاون کی بدولت پانچ افراد پر مشتمل خاندان کو رہائی ملی اور وہ وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو اپنا قریبی برادر ملک سمجھتا ہے، اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی یقین دہانی بھی کرائی۔