شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا فالو اپ آپریشن، مزید 17 خارجی دہشت گرد ہلاک
سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر فالو اپ آپریشن کے دوران مزید 17 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہتھیار، گولیاں اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
تین روز میں 71 دہشت گرد مارے گئے
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بھی پاک افغان سرحدی علاقے میں ایک بڑے آپریشن کے نتیجے میں 54 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔
گزشتہ تین روز کے دوران سکیورٹی فورسز کی مسلسل کارروائیوں میں اب تک 71 خارجی دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
دہشت گردی کے خاتمے کا عزم
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے مکمل پرعزم ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ملکی امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے والوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔