پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارتی کے سیکیورٹی حکام کا اعلیٰ سطح کا اجلاس۔۔وزیراعظم نریندر مودی نے اجلاس کی صدارت کی۔
مودی نے بھارتی فوج کو پہلگام واقعے پر ردعمل کا طریقہ کار، وقت، مقام اور اہداف خود طے کرنے کی اجازت دیدی۔
اجلاس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مشیر قومی سلامتی امور اجیت ڈوول اور مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے۔ اجلاس میں پہلگام واقعے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
ایک اعلیٰ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ بھارتی حکومت نے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر لگایا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی کل بدھ کو سکیورٹی امور، معاشی امور اور سیاسی معاملات پر کابینہ کمیٹی کے الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔
دوسری جانب پہلگام حملے کے بعد پاکستان بھارت بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر بھارتی فوج نے شمالی کمانڈ میں تبدیلی کردی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لیفٹننٹ جنرل سکھیندرا کمار کی جگہ بھارتی فوج کے نائب سربراہ اسٹریٹیجی لیفٹننٹ جنرل پراتک شرما کو شمالی کمانڈ فورس کا نیا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔
ادھم پور میں تعینات بھارت کی شمالی کمانڈ مقبوضہ جموں و کمشیر اور لداخ کے علاقوں کی نگرانی اور پاکستان اور چین کے خلاف تمام آپریشنز کی کمانڈ کرتی ہے۔