پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) پر شدید انداز میں ظاہر ہونے لگے ہیں، جہاں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ہنڈرڈ انڈیکس 3000 پوائنٹس سے زائد کی کمی کے بعد شدید مندی کا شکار ہو گیا۔
کاروبار کے آغاز سے ہی مندی کا رجحان غالب رہا، اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک KSE-100 انڈیکس ایک لاکھ 11 ہزار 192 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مارکیٹ نے 808 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 114,872 پر اختتام کیا تھا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل نے کہا”بازار میں یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ آئندہ چند روز میں سرحد پر کوئی بڑا واقعہ ہو سکتا ہے، جس سے سرمایہ کار خوفزدہ ہو گئے ہیں۔”
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف کا کہنا تھا:”حکومتی وزراء کی جانب سے دیے گئے بیانات نے فوجی کارروائی کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔ سرمایہ کار غیر یقینی صورت حال کے باعث پوزیشنز ختم کر رہے ہیں۔”
دوسری جانب، انٹر بینک مارکیٹ میں بھی سرمایہ کاروں کے ردعمل کا اثر دیکھا گیا، جہاں امریکی ڈالر 12 پیسے سستا ہو کر 280.90 روپے پر آ گیا، جو گزشتہ روز 281.02 روپے پر بند ہوا تھا