حکومت نے سب سے بڑی اتحادی جماعت کے ساتھ وفاقی بجٹ پر مشاورت کا آغاز کر دیا۔۔ وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات۔۔
وزیراعظم نے کہا ہم تمام معاملات میں مشاورت کو ترجیح دیتے ہیں۔ بجٹ میں بھی حکومت کی سب سے بڑی اتحادی جماعت سے صلاح و مشورہ کر رہے ہیں۔۔
انہوں نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2026-2025 کے حوالے سے تجاویز دیں . بجٹ پر مشاورت کا پہلا دور تھا. حکومت کی تشکیل کردہ کمیٹی پیپلز پارٹی کے ساتھ مشاورت جاری رکھے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کی توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقات میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کے حوالے کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دو مہینوں میں تقسیم کار کمپنیاں صوبائی حکومتوں کے حوالے کردی جائیں گی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان کی بہادر افواج دشمن کے خلاف ہر دم تیار ہیں۔ بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے لیکن اپنے دفاع کی حفاظت کے حوالے سے منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا پہلگام واقعے کے بعد سے بھارت کا اشتعال انگیز رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔ پاکستان نے نا صرف پہلگام واقعے پر تشویش کا اظہار کیا بلکہ واقعے کی غیر جانبدارانہ اور آزادانہ تحقیقات کا بھی کہا۔۔ بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کو واقعے سے جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔۔
انہوں نے کہا بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو غیر قانونی طور معطل کرنےکرنا اور اسے آبی جارحیت کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے کیونکہ پانی پاکستانی عوام کے لیے ریڈ لائن کی حیثیت رکھتا ہے۔ بھارتی جارحیت بے نقاب کرنے کے حوالے سے پاکستان بھرپور سفارتی کوششیں کر رہا ہے اور دنیا کو پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کرنے کے لئے میری کئی ممالک کے سفیروں سے ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں بھی اس مسئلہ کو بھرپور طور پر اٹھائے گا تاکہ دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھائے اور اس کے عزائم سے آگاہ کرے.
پیپلز پارٹی وفد میں راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا شامل تھے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزراء احد خان چیمہ ، محمد اورنگزیب ، احسن اقبال ،اعظم نذیر تارڑ، عطاء اللہ تارڑ ، علی پرویز ملک، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، رانا مبشر اقبال، مشیر برائے وزیراعظم رانا ثناء اللہ، ڈاکٹر توقیر شاہ ل، وزیر مملکت عبدالرحمن کانجو، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے۔