بھارت کی آبی جارحیت ،،ارسا کا دریائے چناب میں پانی کی اچانک کمی پر تشویش کا اظہار
ارسا کے اعلامیے کے مطابق بھارت کی طرف سے پانی کے بہاؤ میں کمی کے باعث خریف سیزن کے ابتداء میں پانی کی قلت بڑھ سکتی ہے۔۔
چیئرمین انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کی زیر صدارت ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی کی اچانک کمی پر اظہار تشویش پایا گیا۔
ارسا نے ابتدائی خریف سیزن مئی سے 10 جون تک 21 فیصد پانی کی مجموعی قلت کا اعلان کر دیا۔۔
اعلامیے کے مطابق بھارت کی طرف سے پانی کے بہاؤ میں کمی کے باعث خریف سیزن کے ابتداء میں پانی کی قلت بڑھ سکتی ہے۔دریائے چناب میں قلت جاری رہی تو قلت کا تخمینہ دوبارہ لگایا جائے گا۔۔
خریف کے بعد کے سیزن میں 7 فیصد پانی کی کمی متوقع ہے ۔ ارسا نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پانی کے بہاو میں کمی کی صورت میں بحران سے نمٹنے کے لیے ذخائر کا مشترکہ استعمال کیا جائے گا ، پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے صوبوں کی ہم آہنگی سے فیصلے کیے گئے ہیں۔۔
اعلامیے کے مطابق بھارتی رویے کے باعث دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا ۔
دوسری جانب واپڈا کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ اس مقام پر معمول کے مطابق 25 سے 30 ہزار کیوسک پانی بہتا ہے۔گزشتہ روز دریائے چناب میں پانی کی آمد 34ہزار 600کیوسک تھی جبکہ آج 29ہزار 300کیوسک کمی کیساتھ دریائے چناب میں صرف 5 ہزار 300 کیوسک پانی کی آمد ریکارڈ کی گئی۔