وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف جارحیت کی قیمت ہر صورت چکانی پڑے گی۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا مکار دشمن نے معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا۔
ان شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ پاک فضائیہ نے دشمن کو ایم ایم عالم کی یاد دلا دی۔ پاکستان نے اپنے دفاع میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ قوم اپنی افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
پاک فضائیہ نے اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ مہارت سے اپنی سرحدوں کے اندر رہتے ہوئے دشمن کے پرخچے اڑا دیئے۔
وزیر اعظم نے کہا میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو سلام پیش کرتا ہوں۔ 25 کروڑ عوام پاک فوج کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کی پشکش کی لیکن بھارت نے عالمی قوانین کو پامال کرتے ہوئے جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔
وزیراعظم نے کہا مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ تھا اور ہے اور اس وقت تک رہے گا جب تک کشمیریوں کو آزادانہ استصواب رائے کا حق نہیں دیا جاتا۔