وزیر اعظم شہباز شریف تاجکستان کے دورے پر؛ دو طرفہ تعلقات اور ماحولیاتی تحفظ پر اہم گفتگو

0

دوشنبے میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں اور گلیشیئرز پر عالمی کانفرنس میں شرکت

وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور گلیشیئرز کے تحفظ سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

دوشنبے کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔تاجکستان کے وزیراعظم کوخیر رسول زادہ، نائب وزیر خارجہ شریف زادہ فرخ حمید الدین، پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور اور پاکستان میں تاجک سفیر یوسف شریف زادہ نے وزیر اعظم کا خیرمقدم کیا۔وفد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف اپنے قیام کے دوران تاجک صدر امام علی رحمان سے اہم ملاقات کریں گے۔اس موقع پر دونوں رہنما اقتصادی تعاون، توانائی، تجارت، سیکورٹی اور سیاحت جیسے شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے اور علاقائی سلامتی و استحکام سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے پر توجہ دیں گے۔ذرائع کے مطابق، پاکستان بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں تاجکستان کی مسلسل سفارتی حمایت پر تشکر کا اظہار کرے گا۔

وزیراعظم کی شرکت "گلیشیئرز کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس” میں بھی متوقع ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر عالمی آگاہی اور برفانی ذخائر کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دینا ہے۔

پاکستان کے شمالی علاقوں میں موجود گلیشیئرز کے پگھلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے، شہباز شریف کی تقریر میں ممکنہ طور پر علاقائی ماحولیاتی خطرات پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی اپیل کی جائے گی۔

یہ دورہ اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ اسٹریٹیجک روابط کو مزید گہرا کرنے میں سنجیدہ ہے، خاص طور پر سی پیک کے توسیعی ویژن اور علاقائی رابطوں کے فروغ کے تناظر میں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.