عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات پر آمادگی کا عندیہ

0

سینیٹر علی ظفر: "عمران خان رعایت نہیں، صرف پاکستان کے لیے بات کرنا چاہتے ہیں”

پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔ یہ انکشاف سینیٹر علی ظفر نے اڈیالہ جیل، راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

علی ظفر کے مطابق عمران خان نے کہا ہے”پاکستان کی بہتری اور قومی اتحاد کے لیے میں کسی بھی وقت بات چیت کے لیے تیار ہوں۔”انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کوئی ذاتی مفاد یا رعایت نہیں مانگ رہے”اگر رعایت مانگنی ہوتی، تو میں بہت پہلے مانگ چکا ہوتا۔”

سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ احتجاجی تحریک کے لیے خود کو تیار رکھیں۔ انہوں نے خبردار کیا”اگر کوئی سامنے نہ آیا تو میں مزید برداشت نہیں کروں گا۔ وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔”

عمران خان نے اپنے مؤقف میں زور دیا کہ وہ صرف انصاف چاہتے ہیں، اور مقدمات کی جلد سماعت ان کا حق ہے۔ ان کے بقول”میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ کیسز کا فیصلہ جلد کیا جائے تاکہ حقائق عوام کے سامنے آئیں۔”

سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے پہلے ہی احتجاجی تحریک کا اعلان کیا جا چکا ہے، اور آئندہ 5 سے 6 دنوں میں تحریک کے لائحہ عمل کا اعلان متوقع ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.