بانی کا پارٹی کو پیغام: "اب وقت آگیا ہے مضبوطی سے کھڑے ہوجائیں” — علیمہ خان

0

اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو: "جو وزن نہیں اٹھا سکتے، الگ ہو جائیں، کوئی گلہ نہیں”

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی کا پارٹی کے لیے دو ٹوک پیغام ہے: "اب وقت آگیا ہے کہ سب مضبوطی سے کھڑے ہوں۔” وہ جمعرات کے روز اڈیالہ جیل، راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں

علیمہ خان کا کہنا تھا”جو لوگ پارٹی کے مشن کا وزن نہیں اٹھا سکتے، وہ عزت سے پیچھے ہٹ جائیں، ہمیں کوئی گلہ نہیں۔ لیکن اب وقت ہے کہ نئے لوگ آگے آئیں، جو تحریک کو سنبھال سکیں۔”

انہوں نے الزام لگایا کہ جیل حکام نے انہیں عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔ تاہم، نعیم پنجھوتہ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر کے پیغام پہنچایا۔

علیمہ خان کے مطابق، عمران خان کا ہمیشہ یہی مؤقف رہا ہے کہ ملک میں صرف آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ”دو سال قبل بانی سے کہا گیا کہ آپ تین سال کے لیے خاموشی اختیار کریں اور حکومت چلنے دیں، لیکن بانی نے صاف انکار کر دیا۔”

علیمہ خان نے انکشاف کیا کہ”نو مئی کے واقعات کے بعد بانی کو کہا گیا کہ معافی مانگ لیں، مگر بانی نے جواب دیا: معافی وہ مانگیں جنہوں نے تشدد کیا۔”

علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کو چھپانے کے لیے 26ویں آئینی ترمیم کی گئی”یہ ترمیم عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے اور جمہوری عمل کو داغدار کرنے کی سازش ہے۔”

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.