جسٹس منیب اختر نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھا لیا

0

اعلیٰ عدلیہ کی عبوری قیادت کا مؤثر انتقال، آئینی تسلسل کی مثال

سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس منیب اختر نے آج ایک باوقار تقریب میں قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی اس تقریب کی صدارت جسٹس جمال خان مندوخیل نے کی، جو اس وقت سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججوں میں شامل ہیں۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے احاطے میں ہونے والی اس تقریب میں سپریم کورٹ کے معزز ججز،سینئر وکلاء اور اٹارنی جنرل آفس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

جسٹس منیب اختر 6 جون 2025 تک قائم مقام چیف جسٹس کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے، جس کے بعد جسٹس منصور علی شاہ 6 سے 10 جون تک یہ عبوری منصب سنبھالیں گے۔

ان عبوری تقرریوں کی ضرورت اس لیے پیش آئی کیونکہ موجودہ چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی سرکاری امور کے سلسلے میں عارضی طور پر بیرون ملک روانہ ہو گئے ہیں۔ ان کی وطن واپسی 10 جون کو متوقع ہے۔

پاکستانی عدلیہ میں اس نوعیت کی شفاف اور بروقت قیادت کی منتقلی آئینی تقاضوں، انتظامی تسلسل اور ادارہ جاتی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہے۔

سپریم کورٹ کے ایک ذرائع کے مطابق”یہ عبوری تقرریاں نہ صرف عدالتی کارروائیوں کی روانی کو یقینی بناتی ہیں بلکہ عدلیہ کی خودمختاری اور آئینی پختگی کا عملی مظاہرہ بھی ہیں۔”

جسٹس منیب اختر کا شمار سپریم کورٹ کے انتہائی قابل، قانون فہم اور آئینی معاملات پر گہری بصیرت رکھنے والے ججوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کئی اہم آئینی مقدمات میں رہنما فیصلے دیے ہیں اور عدالتی نظم و نسق میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.