سعودی عرب نے حج ویزوں پر اضافی رقم وصول نہیں کی: حافظ طاہر اشرفی
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب نے حکومتِ پاکستان یا کسی بھی پرائیویٹ حج آرگنائزر سے ویزوں یا دیگر حج امور کے حوالے سے کوئی اضافی رقم وصول نہیں کی۔
اپنے ایک بیان میں حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے آخری تاریخ گزرنے کے باوجود حج درخواستوں پر جو اضافی رعایتیں دی ہیں، ان کے بدلے بھی کسی قسم کی فیس یا اضافی ادائیگی کا تقاضا نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی حکومت ہر سال اپنے قومی بجٹ سے اربوں ریال صرف حجاج کرام کی خدمت اور مہمان نوازی پر خرچ کرتی ہے، جو کہ ان کے جذبۂ اخلاص اور حرمین شریفین کے مہمانوں سے محبت کا ثبوت ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے ایک اور وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بعض افراد بغیر حج نیت کے صرف طواف کے لیے احرام باندھ کر جاتے ہیں، جو سعودی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے عازمینِ حج کو مشورہ دیا کہ وہ سعودی عرب کے قوانین و ضوابط کا مکمل احترام کریں تاکہ ان کی عبادت بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہو۔