اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشیا کے وزیراعظم انوار ابراہیم اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
وزیراعظم نے ملائیشیا کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان ، بھارت کشیدگی پر ملائیشیا کے متوازن اور اصولی مؤقف کو سراہا۔ دونوں رہنمائوں نے ایکدوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔
دونوں رہنماؤں نے امت کے اتحاد ، خوشحالی اور مظلوم فلسطینیوں کیلئے امن و سلامتی کی دعا کی اور دوطرفہ تعلقات ، تجارت ، سرمایہ کاری اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، بھارت کی فوجی کارروائیوں کے جواب میں بروقت اور فیصلہ کن اقدام ناگزیر تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دوست ممالک کی ثالثی سے جنگ بندی کو خطے کے وسیع تر مفاد میں قبول کیا ، بھارت کیساتھ کشمیر سمیت تمام امور پر بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
دریں اثنا شہباز شریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ، وزیراعظم نے تاجک صدر اور عوام کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور حالیہ دورہ دوشنبے میں مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں امن اور مذاکرات کیلئے تاجکستان کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دینے کی کوشش کی ،امریکا اور دیگر دوست ممالک کی ثالثی سے جنگ بندی پر رضا مندی ظاہر کی۔