ایران نے کہا ہے کہ اسرائیل نے پُرامن ایران پر حملہ کر کے جنگی جرم کا ارتکاب کیا ہے۔۔
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر بلا اشتعال حملہ کیا ہے جو انسانی حقوق کونسل کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے، اسرائیل کی دہشت گردانہ کارروائیوں میں اب تک سیکڑوں ایرانی شہید ہوچکے ہیں، ا سرائیل نے ہماری جوہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔
ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ 10 کروڑ کی آبادی والا ایران ایک ایسے نظام کی طرف سے جارحیت کا نشانہ بن رہا ہے جو گزشتہ دو سالوں سے فلسطین میں خوفناک نسل کشی کر رہا ہے اور جو ہمسایہ ممالک کی زمینوں پر قابض ہے، انسانی حقوق کونسل کے ہر رکن ریاست اور مبصر کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سنگین ناانصافی کے خلاف کھڑا ہو۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر بلا اشتعال حملہ کیا ہے، جو چارٹر کے آرٹیکل 2، پیراگراف 4 کی کھلی خلاف ورزی ہے اور تمام اصولوں اور قواعد کی صریحاً خلاف ورزی ہے جن کے لیے یہ کونسل قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے اچانک مسلح حملوں اور رہائشی علاقوں، عوامی بنیادی ڈھانچوں، ہسپتالوں، صحت مراکز اور یقیناً وزارت خارجہ پر دہشت گردانہ کارروائیوں کے بعد میرے سیکڑوں ہم وطن شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔