اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو میں پاکستان کی ایران کے ساتھ ’غیرمتزلزل یکجہتی‘ کا اعادہ کرتے ہوئے ایران کے حق دفاع کو تسلیم کیا ہے۔
وزیراعظم آفس (پی ایم او) کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی حملوں کی مذمت کی، جو گزشتہ 8 روز میں اسرائیل کی بلاوجہ اور غیرمنصفانہ جارحیت کے بعد ہوئے۔
وزیراعظم شہباز نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے فون پر بات چیت میں امریکا کی جانب سے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی نگرانی میں موجود اداروں کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی قانون اور آئی اے ای اے کے قانون کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق صدر پزشکیان نے پاکستان کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
ایرانی صدر نے وزیراعظم، حکومت اور پاکستانی عوام سمیت عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اس اہم موقع پر امت مسلمہ میں اتحاد کی ضرورت اور فوری اہمیت پر زور دیا اور قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
شہباز شریف نے پاکستانی ’عوام اور حکومت کے ایران کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی‘ کا اعادہ کرتے ہوئے اب تک ایران پر ہونے والے حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے ایران کے دفاع کا حق تسلیم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ گفتگو اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔
انہوں نے بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فوری اجتماعی کوششوں کا بھی مطالبہ کیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے اس حوالے سے پاکستان کی تعمیراتی کردار ادا کرنے کی آمادگی کا اعادہ کیا۔