تہران : ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایران کو اس کی جوہری تنصیبات پر حملے کی اطلاع پہلے ہی دی تھی جس کے باعث ایران جوہری تنصیبات سے افزودہ یورینیئم کے ذخائر نامعلوم مقام پر منتقل کرنے میں کامیاب رہا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایک سینیئر ایرانی سیاسی شخصیت نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ واشنگٹن نے ایران کو خفیہ طور پر پہلے ہی بتا دیا تھا کہ امریکا صرف 3 جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔
ایرانی میڈیا نے ایرانی سیاسی شخصیت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اطلاع دینے کا مقصد یہ کہنا تھا کہ امریکا ایران کے ساتھ مکمل اور بھرپور جنگ نہیں چاہتا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی حملوں کی پیشگی اطلاع پر ایرانی حکام نے تیزی کے ساتھ تینوں جوہری تنصیبات سے افزودہ یورینیئم نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ امریکی اور ایرانی حکام نے اس خبر پر تبصرے سے گریز کیا۔
ادھر برطانوی سیکرٹری برائے بزنس اینڈ ٹریڈ جوناتھن رینالڈز کا کہنا ہے کہ لندن کو حملے کی پیشگی اطلاع مل گئی تھی۔
یاد رہے کہ امریکا نے آج صبح ایران کے 3 جوہری تنصیبات پر حملہ کردیا تھا، اس حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے ایران کی 3 نیوکلیئر سائٹس پر کامیاب حملہ کیا اور فردو ایٹمی تنصیب مکمل طور پر تباہ کردی گئی ہے، ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے میں امریکی بی ٹوبمبار طیاروں نے حصہ لیا۔