واشنگٹن — امریکی محکمہ خارجہ نے اتوار کے روز ایک عالمی سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے دنیا بھر میں امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ یہ الرٹ ایران میں جوہری تنصیبات پر امریکی فضائی حملوں کے بعد بڑھتے ہوئے عالمی تناؤ کے پیش نظر جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شائع کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران-اسرائیل تنازعے میں امریکی شمولیت نے مشرق وسطیٰ میں غیر یقینی صورت حال پیدا کر دی ہے اور اس کے اثرات دنیا بھر میں امریکی مفادات پر پڑ سکتے ہیں۔
ایڈوائزری میں امریکی شہریوں کو درج ذیل احتیاطی اقدامات اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے
- کسی بھی سیاسی مظاہرے یا بڑے عوامی اجتماع سے دور رہیں
- اپنے علاقے کے مقامی میڈیا اور سفارت خانے کی وارننگز پر نظر رکھیں
- اپنے ذاتی سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیں اور حالات کے مطابق ترمیم کریں
- اسمارٹ ٹریولر انرولمنٹ پروگرام (STEP) کے ساتھ رجسٹریشن کریں تاکہ تازہ ترین سیکیورٹی اپ ڈیٹس موصول ہوں
ایران نے امریکہ کے حملوں کو اپنی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔ اس حملے کے بعد ایران کے ہمدرد ممالک میں احتجاج اور مظاہرے شروع ہو چکے ہیں، جن میں امریکی مفادات کو علامتی یا براہ راست نشانہ بنایا جا رہا ہے۔