پاکستان نے بھارت کی سول اور ملٹری پروازوں کیلئے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے بتایا کہ بھارت کے لیےفضائی حدود کی بندش میں توسیع کا نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔
ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں پرپاکستانی فضائی حدود کی بندش ایک ماہ کے لیے بڑھائی گئی ہے، پاکستانی فضائی حدود 23 جولائی 2025 تک بھارتی طیاروں کے لیے بند رہےگی۔
واضح رہے کہ 23 مئی کو بھارتی پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی گئی تھی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے بتایا تھا کہ بھارتی طیاروں کی پرواز پر پابندی 24 جون 2025 صبح 4 بج کر 59 منٹ تک بڑھائی گئی ہے۔
بھارتی رجسٹرڈ، آپریٹڈ، ملکیت یا لیز پر لیے گئے تمام طیارے پابندی کی زد میں رہیں گے، یہ پابندی بھارتی فوجی طیاروں پر بھی لاگو ہو گی۔
اس سال 23 اپریل کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں منگل کو 26 سیاحوں کی مبینہ ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
24 اپریل کو پاکستان نے بھارت کیلئے فضائی حدود سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کر دیا تھا، جبکہ بھارتی ہائی کمیشن میں سفارتی عملے کو 30 ارکان تک محدود کرنے کے علاوہ بھارتی دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا تھا