قطر کی ثالثی میں ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا جس کے بعد گولڈ مارکیٹ میں ہیجانی کیفیت ختم ہو گئی۔
سرمایہ کاروں نے سیز فائر پر سکھ کا سانس لیتے ہوئے گولڈ مارکیٹ میں انویسٹمنٹ سے ہاتھ کھینچ لیا جس کے بعد ایک اونس سونا 82 ڈالر سستا ہو گیا۔ اس وقت لندن گولڈ مارکیٹ میں سونا 3313 ڈالر فی اونس میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔
ادھر آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 800 روپے تنزلی سے 3 لاکھ 54 ہزار 365 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونا 3 ہزار 258 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 3 ہزار 810 روپے میں فروخت ہوا، جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونے کے نرخ 2 ہزار 987 روپے گھٹ کر 2 لاکھ 78 ہزار 502 روپے ریکارڈ کیے گئے۔
ادھر، چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا، اور فی تولہ چاندی 9 روپے تنزلی سے 3 ہزار 790 روپے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 8 روپے کمی سے 3 ہزار 249 روپے ریکارڈ کی گئی۔