سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا: مریم نواز

0

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نئے اسلامی سال 1447 ہجری اور آغازِ محرم الحرام کے موقع پر امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کے لیے خیر و برکت اور امن و سلامتی کی دعا کی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ دعا ہے نیا اسلامی سال امت مسلمہ کے لیے وحدت، اتحاد، ترقی اور خوشحالی کا پیامبر ہو۔ یہ سال پاکستان کے لیے امن، استحکام اور کامیابیوں سے بھرپور ہو۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، جو حق و باطل کے معرکے میں مظلوموں کے لیے حوصلہ اور ظالموں کے لیے للکار بنے۔ امام حسینؓ کا پیغام ہر دور کے انسان کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے، اور ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور صبر و استقامت کے ساتھ حق کا ساتھ دینے کا سبق دیتا ہے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ محرم الحرام کا تقدس ہم سب پر لازم ہے، اور ہمیں ان ایام میں اختلافات اور تفرقے سے گریز کرتے ہوئے تحمل، بردباری اور باہمی احترام کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے ہیں تاکہ شہری اطمینان اور اعتماد کے ساتھ مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔

وزیراعلیٰ نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر نفرت اور فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کو فساد کا ذریعہ بننے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے ڈرون کوریج پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اس کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔

مریم نواز شریف نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ ہم دشمن کے ہر حربے سے باخبر بھی ہیں اور متحد بھی، اور یہی اتحاد و یکجہتی ہی ہمارے امن اور ترقی کی ضمانت ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.