مودی حکومت کی معاشی پالیسیاں ناکام، بھارت-امریکہ تجارتی مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار

0

نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی معاشی پالیسیوں کی ناکامی ایک بار پھر عالمی سطح پر بے نقاب ہو گئی ہے، جہاں بھارت اور امریکہ کے مابین تجارتی مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار ہو چکے ہیں۔ امریکی حکام نے مودی حکومت کی غیر واضح اور متضاد تجارتی پالیسیوں پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت اب عالمی محاذ پر تنہائی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔

مودی حکومت کی جانب سے "وشو گرو” (دنیا کا رہنماء) بننے کے دعوے معاشی میدان میں زمین بوس ہو چکے ہیں۔ آٹو، اسٹیل اور زرعی مصنوعات پر درآمدی محصولات کے حوالے سے بھارت اور امریکہ کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہو چکے ہیں۔ بھارتی حکومتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے مابین محصولات کا تنازع شدت اختیار کر گیا ہے، اور امریکہ بھارت کی جانب سے باہمی رعایت نہ ملنے پر سخت موقف اپنا چکا ہے۔

بھارت کی جانب سے 68 فیصد درآمدی ٹیرف عائد ہونے کے باوجود، وہ امریکہ سے تجارتی رعایتوں کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔ اس دوہرے معیار پر امریکہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کو ممکنہ طور پر اضافی ٹیرف عائد کرنے کی تنبیہ بھی جاری کر دی ہے۔

اس ساری صورتحال نے بھارت کو سفارتی و معاشی سطح پر ایک الجھن میں ڈال دیا ہے۔ امریکہ کی پاکستان سے بڑھتی قربت اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کی حمایت میں نرم رویے نے بھارت میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔ بھارتی میڈیا اور سفارتی حلقے اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ امریکہ اب اس خطے میں پاکستان کے ساتھ زیادہ تزویراتی (اسٹریٹجک) مفاہمت چاہتا ہے، جس سے بھارت کو عالمی سطح پر مزید تنہائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ٹرمپ حکومت کی جانب سے بھارت کو دوٹوک پیغام دیا گیا ہے کہ اگر نئی دہلی اپنی پالیسیوں میں نرمی نہ لائے تو امریکہ یکطرفہ طور پر تجارتی شرائط تبدیل کر سکتا ہے۔ مودی سرکار کی اقتصادی خودمختاری کا دعویٰ اب ایک نعرہ بن چکا ہے، جبکہ زمینی حقائق بتاتے ہیں کہ بھارت کو عالمی تجارتی محاذ پر شدید پسپائی کا سامنا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر بھارت نے اپنی سخت گیر اور مبہم پالیسیوں پر نظر ثانی نہ کی تو اسے نہ صرف امریکی منڈیوں سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے بلکہ اس کی معیشت کو مزید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ امریکہ کی جانب سے واضح اشارے آ چکے ہیں، اور اب گیند مودی حکومت کے کورٹ میں ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.