اسلام : قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر کے مستقل چیف جسٹس بننے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ یکم جولائی کو ہونے والے اجلاس میں انہیں چیف جسٹس بنانے کی منظوری دی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدرمملکت آصف علی زرداری نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینئر ترین جج ڈیکلیئر کر دیا۔ صدر مملکت نے جسٹس سرفراز ڈوگر سمیت دیگر 2 ججز کی ٹرانسفر بھی مستقل قرار دے دی۔
سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ ججز کی سینیارٹی کے تعین کا معاملہ صدر مملکت کو بھیجا تھا۔ صدر مملکت نے تعین کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سینیارٹی لسٹ جاری کر دی۔
سینیارٹی لسٹ کے مطابق ٹرانسفر ہونے والے جسٹس سرفراز ڈوگر سینئر ترین جج ہوں گے۔ جسٹس خادم حسین سومرو 9 ویں نمبر پر جبکہ جسٹس آصف 11 ویں نمبر کے جج ہوں گے۔ ججز کی سینیارٹی کے تعین اور عارضی یا مستقل ٹرانسفر کا معاملہ صدر مملکت کو بھیجا گیا تھا ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔