وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے پاکستان اور بھارت میں سیز فائر اور پھر ایران اسرائیل میں جنگ بندی میں سب سے اہم اور فعال کردار وردی کا رہا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا سیز فائر کیلئے بیک ڈور رابطوں میں وردی نے اصل کام کیا ہے۔ فرنٹ پر سویلین وزیراعظم رہے۔۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں اللہ مدد و نصرت شامل رہی، ہم نے بھارت کی طرف میزائل فائر کیے تو ایک میزائل میں کچھ نمبروں کا فرق آگیا، سب پریشان ہوئے کیونکہ ہم نہیں چاہتے تھے کہ بھارت میں شہری آبادی کو نقصان پہنچے، یا ایک شہری بھی مارا جائے، انہوں نے ہماری شہریوں کو نشانہ بنایا لیکن ہم یہ نہیں کریں گے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ ہمیں یہ پریشانی تھی کہ یہ میزائل آبادی پر گر جائے گا مگر اللہ کی طرف سے یہ مدد آئی کہ وہی میزائل ان کے سب سے بڑے آئل ڈپو پر گرا اور آگ لگ گئی، بھارت کی وڈیوز میں جو سب سے بڑی آگ والی اسی میزائل کی ویڈیو ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دوسرا قصہ یہ ہے کہ بھارت نے ایک ایئربیس پر 9 یا 11 میزائل فائر کیے، اس بیس پر ہمارے جہاز بھی تھے اور باقی لوگ بھی تھے، ہم بڑے پریشان تھے کہ یہ میزائل گرے تو بہت نقصان ہوجائے گا، مگر ایک بھی میزائل بیس پر نہیں گرا، کوئی آگے گرا اور کوئی پیچھے گرا، یہ مثالیں غیبی مدد کا ثبوت ہیں، جو ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اس وقت بالکل مضبوطی سے کھڑے ہوئے تھے اور وہ بالکل واضح تھے کہ اگر بھارت نے حملہ کیا تو وہ چار گنا زیادہ بھگتے گا اور انہوں نے بھگتا۔
