لندن : پاکستان اور برطانیہ نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ’ پاک برطانیہ بزنس ایڈوائزری کونسل’ کے قیام سمیت نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان اور برطانیہ کے وزرائے تجارت نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان لندن میں پیر کے روز شروع ہونے والے پاک۔برطانیہ تجارتی مذاکرات کے موقع پر کیا گیا۔
ان مذاکرات کے حصے کے طور پر وزراء نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک نئی ’ پاک۔برطانیہ بزنس ایڈوائزری کونسل’ کے قیام کا اعلان کیا ہے جس میں سینئر کاروباری رہنما اور سرکاری حکام شامل ہوں گے۔
یہ کونسل پالیسی اصلاحات پر اسٹریٹجک مشورے فراہم کرے گی، بات چیت کے لیے ایک بااعتماد فورم مہیا کرے گی اور مارکیٹ تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور بہترین عالمی طریقے اپنانے کے ذریعے تجارتی مواقع کو فروغ دے گی۔
لندن میں ہونے والے اجلاس کی مشترکہ صدارت برطانیہ کے وزیر برائے تجارتی پالیسی و معاشی سلامتی ڈگلس الیگزینڈر اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کی، دونوں وزرا نے ہر سال وزارتی سطح پر ملاقاتیں کرنے پر اتفاق کیا تاکہ ترقی کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں اور برطانیہ و پاکستان میں کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کی معاونت کی جا سکے۔
