ثقافتی و تعلیمی تعاون، مذہبی سیاحت اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر مشترکہ عزم کا اظہار
صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے کیمپ آفس لاہور میں جمہوریہ ترکی کے قونصل جنرل ڈرمس بیستگ سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکی کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، بین المذاہب مکالمے اور ثقافتی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عوامی سطح پر تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تعلیم، ثقافت، مذہبی سیاحت اور بین المذاہب ہم آہنگی جیسے شعبوں میں تعاون علاقائی امن اور باہمی مفاہمت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
ترک قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اقلیتوں کے تحفظ، مذہبی رواداری، اور ثقافتی ورثے کی بحالی کے لیے جاری پالیسیوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ترکی حکومت ثقافتی ورثے کی بحالی، نوجوانوں کی تربیت، اور بین المذاہب مکالمے کے فروغ میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، برابری، باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے لیے پنجاب حکومت کی پالیسیوں سے قونصل جنرل کو آگاہ کیا۔ انہوں نے ترکی کی مستقل سفارتی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دوستی، بھائی چارے، اور ہم آہنگی کے رشتے میں رہا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی غور کیا کہ:
- بین المذاہب کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے
- مذہبی اسکالرز، سول سوسائٹی رہنماؤں اور نوجوان وفود کے باہمی تبادلے کو فروغ دیا جائے
- تعلیمی اور ثقافتی تعاون کو مزید فعال بنایا جائے
یہ اقدامات نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی جہت دیں گے بلکہ عالمی سطح پر امن و برداشت کے فروغ میں بھی مؤثر ثابت ہوں گے۔