کراچی : کراچی کے علاقے ڈیفنس کے فلیٹ میں مردہ پائی گئی ماڈل و اداکارہ کی لاش سے لیے نمونوں کی کیمیکل ایگزامن رپورٹ آگئی۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ کے جسم سے لیے گئے نمونےمیں کوئی نشہ آور چیز نہیں پائی گئی، اداکارہ کے جسم سے لیے گئے نمونے میں کسی قسم کی زہریلی چیز کے شواہد نہیں ملے۔
حمیرا اصغر کے بالوں، جگر اور پھیپھڑوں کے نمونے لیے گئے تھے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ضلع جنوبی اسد رضا کا کہنا ہے کہ کیمیکل رپورٹ مختلف تفتیشی اداروں کو بھجوا دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے ملی، وہ گزشتہ 7 سال سے اس کرائے کے فلیٹ میں مقیم تھیں، اداکارہ 2018ء میں لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تھیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق خاتون فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھیں، 2018ء میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا اور وہ 2024ء سے کرایہ نہیں دے رہی تھیں۔