پشاور : وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عدالتی احکامات کے مطابق مخصوص نشستوں کے ارکان نے حلف اُٹھایا۔ ناراض امیدواروں کیخلاف پارٹی ڈسپلن کارروائی کرے گی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ امیدواروں کی جانب سے کاغذات واپس نہ لینے پر ہمیں نقصان ہوا ہے، اپوزیشن کے ساتھ پہلے 8 اور 3 کے فارمولے پر اتفاق ہوا تھا، اب ہمیں 6 اور اپوزیشن کو 5 سیٹیں ملیں گی۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ اپوزیشن سے اتحاد صرف سینیٹ انتخابات تک ہے، جو بھی ہورہا ہے وہ سربراہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے احکامات پر ہو رہا ہے۔
سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سینیٹ میں خرید و فروخت کو ہارس نہیں ڈنکی ٹریڈنگ کہتا ہوں، یہ ایک حقیر کام ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ سینیٹ میں خرید و فروخت نہیں ہونے دیں گے۔