ڈھاکا : پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکا میں جاری ہے، جہاں پاکستانی بلے باز بنگلہ دیشی ٹائیگرز کا شکار بنتے ہوئے 110 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئے۔111 رنز کا ہدف بنگلہ دیشی ٹیم نے 16 اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی جو پاکستانی بلے بازوں کے لیے امتحان بن گئی، اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی قومی بیٹرز بنگلہ دیشی باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوتے رہے۔
صرف 46 کے مجموعے پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، اوپنر صائم ایوب 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی، محمد حارث 4، کپتان سلمان آغا 3 رنز ، حسن نواز صفر اور محمد نواز 3 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔
تاہم فخر زمان نے حریف ٹیم کے بولرز کا جم کر سامنا کیا اور 34 گیندوں پر 44 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔
ساتویں نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے خوشدل شاہ نے 17 رنز بناکر مجموعے کو آگے بڑھانے میں مدد فراہم کی، جب کہ عباس آفریدی 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ڈیبیو کرنے والے سلمان مرزا کھاتہ بھی کھول نہ سکے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، مستفیض الرحمٰن نے 2 ، مہدی حسن اور تنظیم حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔