پشاور:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اسمبلی علی امین گنڈاپور کا مخصوص نشستوں کی حلف برداری کے خلاف پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں پر گورنر ہاؤس میں حلف آئین کی خلاف ورزی ہے، آئین کا آرٹیکل 65 واضح ہے، حلف صرف اسمبلی فلور پر ہو سکتا ہے، سپیکر نے حلف لینے سے انکار نہیں کیا، کورم مکمل نہ ہونے پر اجلاس ملتوی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سپیکر نے 24 جولائی کو اجلاس طلب کیا ہے، گورنر ہاؤس میں حلف لینا غیر آئینی عمل ہے، آرٹیکل 255(2) صرف (ناقابلِ عمل وناممکن) صورتحال پر لاگو ہوتا ہے، وزیراعلیٰ، سپیکر صوبائی اسمبلی انکار کرے تو چیف جسٹس کسی کو نامزد کرسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اور سپیکر نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی ہے، آج اجلاس طلب کیا تھا، گورنر ہاؤس میں مخصوص نشستوں پر حلف کا عمل عدالت میں چیلنج کر رہے ہیں۔
علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ رٹ پٹیشن مکمل کر لی، آج چھٹی کے باعث ہائیکورٹ نے وصول نہیں کی، کل عدالت میں درخواست دائر کریں گے۔