گلگت بلتستان کی حکومت نے شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے ہونے والی تباہی پر دیامیر میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔۔ سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہو گئی۔ 200 سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا
ابو سر ٹاپ پر فلیش فلڈ کے باعث سیلابی ریلہ آیا جس میں بہہ کر متعدد سیاح لاپتا ہوگئے جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے جب کہ مقامی لوگوں نے بھی سیاحوں کو ریسکیو کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق دیامر میں گزشتہ روز کلاؤڈ برسٹ ہوا جس سے بابوسر کے مقام پر سیلاب آیا۔
سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے جن میں 4 سیاح اور ایک مقامی شہری شامل ہے جب کہ دیامر میں سیلابی صورتحال کے سبب ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ڈی سی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں سے 2 کی شناخت ہوگئی ہے اور ایک فیملی کا 3 سال کا بچہ ابھی تک لاپتا ہے، سیاحوں کی تلاش کے لیے سراغ رساں کتوں کی بھی مدد لی جارہی ہے جب کہ گلگت بلتستان اسکاؤٹس نے مزید 3 خاتون سیاحوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر دیامر عطاء الرحمان نے مزید بتایا کہ بابوسر سے نیچے تھک کے مقام پر کلاوڈ برسٹ ہوا ، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بابو سر روڈ بند ہوگئی جب کہ 7 سے 8 کلو میٹر روڈ مکمل طور پر تباہ ہوئی ہے، 10 سے 15 گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہیں جن میں کوسٹرز بھی شامل ہیں۔