ڈھاکا: ایشیا کپ کے معاملے پر پاک-بھارت جنگ مزید تیز ہوگئی، 24 جولائی کو ڈھاکا میں شیڈول اجلاس سے قبل پاکستان کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے نہ صرف بھارت کے دباؤ کو مسترد کر دیا بلکہ کونسل کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کا ’دو ٹوک فیصلہ‘ بھی کر لیا۔
ذرائع کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) نے 2 روز قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو شیڈول اجلاس کی میزبانی سے دستبردار ہونے کے لیےکہا تھا، تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو جواب دیتے ہوئےکہا کہ ایشین کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس ڈھاکا میں ہی ہو گا۔
قبل ازیں، بھارتی کرکٹ بورڈ کے دباؤ کے باعث سری لنکا، افغانستان اور عمان نے بھی اجلاس کے وینیو پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔