یوکرین کی فضائیہ نے تصدیق کی ہے کہ ایک میراج 2000 لڑاکا طیارہ ملک کے مغربی علاقے وولین میں پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ ایئر فورس کے مطابق، یہ واقعہ 22 جولائی کی شام پیش آیا جب طیارے کے ہوابازی کے آلات میں خرابی پیدا ہو گئی۔
یوکرینی ایئر فورس کی جانب سے ٹیلیگرام پر جاری بیان میں کہا گیا”ایک میراج 2000 لڑاکا طیارے کو پرواز کے مشن کے دوران تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کی اطلاع پائلٹ نے فوری طور پر پروازوں کے سربراہ کو دی۔ خوش قسمتی سے، پائلٹ طیارے سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔”
یوکرینی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ ملک کے مغرب میں واقع وولین ریجن کے فضائی حدود میں پیش آیا۔
خیال رہے کہ فروری 2025 میں فرانس کے وزیرِ دفاع سیباسٹین لیکورنو نے یوکرین کو میراج 2000 طیاروں کی فراہمی کا اعلان کیا تھا۔ اگرچہ انہوں نے اس وقت طیاروں کی تعداد ظاہر نہیں کی، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق چھ یا اس سے کم یونٹس فراہم کیے جانے کی توقع تھی۔
دوسری جانب روس کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کو جنگی طیارے فراہم کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا”غیر ملکی لڑاکا طیارے میدان جنگ میں کوئی جادوئی گولی ثابت نہیں ہوں گے۔ روسی مسلح افواج ان طیاروں کو تباہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔”