اسلام آباد — الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا سے نومنتخب سینیٹرز کی کامیابی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں مختلف جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے کامیاب قرار دیے گئے نام شامل ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل نشستوں پر آزاد امیدوار مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی اور نورالحق قادری کامیاب قرار پائے ہیں۔ ان کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے نیاز احمد خان، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے عطاءالحق درویش، اور پاکستان پیپلز پارٹی کے طلحہٰ محمود کی کامیابی کی بھی توثیق کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے خواتین کی مخصوص نشستوں پر آزاد امیدوار روبینہ ناز اور پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد کی کامیابی کا بھی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ اسی طرح ٹیکنوکریٹ نشست پر آزاد امیدوار اعظم سواتی اور جے یو آئی کے دلاور خان کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نو منتخب ارکان سینیٹ کی آئینی مدت کا آغاز فوری طور پر ہو چکا ہے اور ان کا دور 8 اپریل 2030 تک جاری رہے گا۔
یہ نوٹیفکیشن ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب سینیٹ میں نئے توازن کے حوالے سے سیاسی جماعتیں مستقبل کے قانون سازی اور اتحاد کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔
