دنیا بھر میں پروفیشنل ریسلنگ کے شائقین کو غمزدہ کرتے ہوئے، عالمی شہرت یافتہ ریسلر ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں فلوریڈا میں واقع اپنے گھر پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ان کے دیرینہ مینیجر کرس وولو نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پُرسکون انداز میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔
ہلک ہوگن، جن کا اصل نام ٹیری جین بولیا تھا، 1980 کی دہائی میں پروفیشنل ریسلنگ کا مترادف بن گئے تھے۔ ان کا طاقتور جسم، سنہری مونچھیں، بندانا اور ان کا مخصوص کرشمہ WWE (ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ) کو مقبولیت کی نئی بلندیوں پر لے گیا۔
گزشتہ ہفتوں کے دوران ہوگن کی صحت کے حوالے سے چہ مگوئیاں جاری تھیں۔ اسپتال میں داخل ہونے کی خبریں گردش میں تھیں، جنہیں ان کی اہلیہ اسکائی ہوگن نے جھٹلایا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ ہلک کا دل متعدد سرجریوں کے باوجود مضبوط ہے۔ تاہم، افسوسناک طور پر وہ دل کی پیچیدگیوں کا شکار ہو گئے۔
WWE نے ایک بیان میں کہا "WWE کو یہ جان کر افسوس ہوا کہ ہال آف فیم رکن ہلک ہوگن اب ہم میں نہیں رہے۔ وہ پاپ کلچر کی سب سے پہچانی جانے والی شخصیات میں سے ایک تھے جنہوں نے WWE کو عالمی شناخت دی۔ ہم ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور مداحوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔”
ہوگن نے 1996 میں خود کو "ہالی ووڈ ہلک ہوگن” کے نام سے متعارف کرایا اور WCW میں مشہور گروپ NWO (نیو ورلڈ آرڈر) کی بنیاد رکھی۔ ان کا یہ روپ ریسلنگ میں ایک نیا انقلاب لے کر آیا۔
2005 میں انہیں WWE ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔ تاہم، 2015 میں ایک نجی ویڈیو میں ان کی نسل پرستانہ گفتگو منظر عام پر آنے کے بعد ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا اور WWE نے ان سے فاصلے اختیار کر لیے۔ بعد ازاں انہوں نے گاکر میڈیا پر مقدمہ کر کے کثیر رقم حاصل کی، جس کے نتیجے میں اس میڈیا ادارے کو بند ہونا پڑا۔
2020 میں انہیں دوبارہ WWE ہال آف فیم میں شامل کیا گیا، اور وہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کھلے حامی کے طور پر بھی ابھرے۔ وہ 2024 کے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں ایک نمایاں شخصیت کے طور پر سامنے آئے۔
ہوگن نے فلمی دنیا میں بھی اپنے قدم جمائے۔ ان کی فلم "راکی III” (1982) میں "تھنڈرلپس” کا کردار آج بھی مداحوں کو یاد ہے۔ وہ "نو ہولڈز بارڈ”، "مسٹر نینی”، اور "سبربن کمانڈو” جیسی فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئے۔
2005 سے 2007 تک، انہوں نے اور ان کے خاندان نے ریئلٹی شو "Hogan Knows Best” میں حصہ لیا، جس نے ان کی ذاتی زندگی کی ایک جھلک دنیا کے سامنے پیش کی۔
ہلک ہوگن نہ صرف ریسلنگ کی دنیا کے عظیم ترین سپر اسٹارز میں سے ایک تھے، بلکہ انہوں نے پاپ کلچر پر بھی دیرپا اثر چھوڑا۔ ان کی یادیں، ان کا انداز، اور ان کی توانائی ہمیشہ مداحوں کے دلوں میں زندہ رہے گی۔