واشنگٹن – پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار امریکہ کے سرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچ گئے ہیں جہاں آج ان کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ اور سفارتخانے کے سینئر حکام نے نائب وزیراعظم کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ یہ دورہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی و تزویراتی تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی سیکیورٹی صورتحال، پاک بھارت تعلقات، افغانستان کی صورت حال، تجارتی روابط، سرمایہ کاری کے امکانات اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
واضح رہے کہ اسحاق ڈار نے حالیہ دنوں میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے فعال کردار کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا تھا، اور ان کی قیادت میں سلامتی کونسل نے ایک اہم قرارداد بھی منظور کی، جسے پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ ایران کے صدر کے متوقع دورہ پاکستان کی تاریخ جلد طے کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور شام کی خودمختاری و آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں اہم جغرافیائی و سیاسی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، اور عالمی طاقتوں کے درمیان سفارتی توازن کو برقرار رکھنے میں پاکستان کا کردار خاصی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔