راولپنڈی – انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں کی مشترکہ اور بروقت کارروائی نے راولپنڈی کو ایک بڑے دہشت گرد حملے سے بچا لیا۔ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا ایک انتہائی خطرناک دہشت گرد، موسیٰ، اسلحہ اور بارودی مواد سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق دہشت گرد کی گرفتاری ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں عمل میں آئی۔ گرفتار دہشت گرد نے راولپنڈی کے حساس مقامات پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے لیے پہلے ہی ریکی مکمل کر رکھی تھی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ موسیٰ ماضی میں افغانستان میں کئی بار دہشت گردی کی تربیت حاصل کر چکا ہے اور فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر سے مسلسل رابطے میں تھا۔ گرفتاری کے دوران دہشت گرد کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، دستی بم، 7 فٹ لمبی حفاظتی فیوز وائر، تین ڈیٹونیٹرز، ریموٹ کنٹرول بٹن، پرائمہ کارڈ اور گولیاں برآمد ہوئیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گرد نے کچھ روز قبل حساس مقامات کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی تھیں، جس سے اس کے ناپاک عزائم کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ سی ٹی ڈی نے دہشت گرد کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے تاکہ اس کے دیگر سہولت کاروں اور نیٹ ورک کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔
سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی سے شہر کو ایک ممکنہ بڑے سانحے سے بچا لیا گیا، جس پر عوامی و سرکاری سطح پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ گرفتاری دہشت گرد تنظیموں کی پاکستان میں سرگرمیوں پر کاری ضرب ہے، اور سیکیورٹی ادارے ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل چوکس ہیں۔