دیامر : گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں سیلاب میں لاپتا ہونے والی خیبر ٹی وی کی سینئر اینکر کی گاڑی ملبے سے مل گئی۔
ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق شاہراہ بابوسر پر ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے، سرچ آپریشن کے دوران نجی ٹی وی کی اینکر کی گاڑی ملبے سے نکال لی گئی، گاڑی تباہ شدہ حالت میں ملی ہے۔
ترجمان کے مطابق گاڑی میں کوئی موجود نہیں تھا،لاپتہ فیملی سمیت دیگر سیاحوں کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق لاپتہ ٹی وی اینکر شبانہ لیاقت کے ساتھ اس کے شوہر لیاقت اور 4 بچے بھی لاپتہ ہیں۔ سرچ آپریشن میں سراغ رساں کتوں اور ڈرون کی مدد بھی لی جارہی ہے۔ جب کہ پولیس، انتظامیہ، ڈیزاسٹرمنیجمنٹ، پاک فوج اور جی بی اسکاؤٹس سرچ آپریشن میں شامل ہیں۔