وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان قربانی بھی دوسروں کی اولاد اور مال بھی دوسروں کا استعمال کرنے کے عادی ہیں اسی لئے اپنے بچوں کو پاکستان نہ آنے کا کہہ دیا۔۔۔
انہوں نے عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کی پاکستان آمد روکنے کو ڈرامہ قرار دے دیا۔۔
واضح رہے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نےکہا تھا کہ قاسم اور سلیمان پاکستان نہیں آئیں گے، میرے بچے کسی احتجاجی تحریک میں شریک ہوں گے اور نہ ہی کسی احتجاجی تحریک کی قیادت کریں گے۔
عمران خان کے فیصلے پر خواجہ آصف نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا کوئی عمل سیاسی یا مالی منافع کے بغیر نہیں ہوتا، بہت سے ڈراموں میں سے یہ بھی ایک ڈرامہ تھا ، مقصد والد اور اولاد کی ملاقات نہیں سیاسی منافع تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن اور ان کے بچے اقتدار کی ہوس اور خواہشات کی تکمیل کے لیے استعمال ہوں گے ، قربانیوں کے لیے اولاد بھی دوسروں کی اور مال بھی دوسروں کا، تاریخ میں اس سے بڑی نوسر بازی شاید ہی کسی نے کی ہو ۔